ہلیال21؍اپریل (ایس اونیوز)پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر چیک پوسٹس پر تلاشی مہم کے علاوہ ہلیال شہر کے گوداموں، شراب کی دکانوں، موٹر گاڑیوں کی بھی مسلسل تلاشیاں لی جارہی ہیں۔
اس دوران ذرائع نے خبر دی ہے کہ سنیچر کے دن افسران کو ملنے والی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ہلیال میں ایک معروف جنتادل لیڈر کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ شہر کے کے ایچ بی کالونی میں واقع جے ڈی ایس لیڈر ایس اے شیٹناور کے گھر پر چھاپہ ماری اور تلاشی کے دوران ووٹروں کو لبھانے کے لئے استعمال ہونے والی کوئی چیز یا نقد رقم یہاں سے دستیاب نہ ہونے پر افسران کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔
بتایاجاتا ہے کہ ایس اے شیٹناور جنتادل اور کانگریس کے مشترکہ امیدوار آنند اسنوٹیکر کے بہت قریبی دوست اور حلقے میں انتخابی مہم چلانے کے لئے ذمہ دار بھی ہیں۔ان کے گھر پر اسسٹنٹ الیکشن آفیسر پُٹا سوامی کی قیادت میں آفیسر ونائیک پالنکر، ہلیال تحصیلدار شیوانند اوُلے گڈی، ڈانڈیلی تحصیلدار چامراج پاٹل، فلائی اسکواڈ کے رویندرا میٹگڈاور پولیس افسران کے دستے نے تقریباًایک گھنٹے تک تلاشی مہم چلائی۔
تلاشی افسران کے خالی ہاتھ واپس لوٹنے کے بعد جنتادل لیڈر شیٹناورنے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اپوزیشن پارٹی کی طرف سے انتخابی افسران کو جھوٹی اطلاع فراہم کرتے ہوئے ہمارے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی سازش کی گئی تھی۔ اپنی شکست کے ڈر سے پریشان بی جے پی کے لیڈران اس طرح کی حرکت سے ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی ہے۔مگر ہم نے انتخابی افسران کے ساتھ پوری طرح تعاون کیاہے۔